DODBA TO SHARINGAL ROAD SHOULD COMPLETE ON TIME


پشاور(مشرق نیوز)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے متعلقہ حکام کو دیر بالا ڈوڈبا شرینگل روڈ کے پیکج ون اور پیکج ٹو پر ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمراٹ جیسے سیاحتی علاقے اور مقامی لوگوں کی آمدورفت کے حوالے سے یہ سڑک انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ وہ جمعہ کے روز پشاور میں ڈوڈبا شرینگل روڈ کی تعمیر سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ واضح رہے کہ17کلومیٹر لمبی شاہراہ تقریباً 60کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر برائے عشر و زکوٰة حاجی حبیب الرحمان، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات آصف خان ،چیف انجینئر نارتھ طارق اللہ ، ریذیڈنٹ انجینئر خالد سکندر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ سینئر صوبائی وزیر کو ڈوڈبا شرینگل روڈ کی تعمیر سے متعلق بعض مسائل و مشکلات، فنڈز کی فراہمی ، شیرمائی ڈیم پراجیکٹ اور بعض بانڈہ جات کے مکینوں کے تحفظات سے تفصیلی طور آگاہ کیا۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے متعلقہ انجینئر ز کو رکاوٹوں کو حل کرنے کے بارے میں مفید تجاویز دیں اور جلد کام شروع کرنے کے احکامات بھی جاری کئے ۔ سینئر وزیر نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے مخلوط صوبائی حکومت خطیر رقم خرچ کر رہی ہے۔

Comments