THE KOHISTANI TRIBE OF DIR KOHISATN
کوہستانی قوم کون ہے
مشہور انگریزی لغت میریم ویبسٹر کے مطابق ’’شمالی پاکستان کے ہمالیائی لوگوں اور ان کی درد زبانوں کے لیے لفظ ’’کوہستان‘‘استعمال ہوتا ہے.یہ لفظ افغانستان کے درۂ نور، کنڑ، دیرکوہستان، سوات کوہستان، اباسین کوہستان میں بسنے والی برادریوں کے لیے استعمال ہوتا ہے۔اسی طرح افغانستان میں ولایت کاپیسا میں کوہستان نام کا ایک ضلع ہے۔ صرف اس ضلع کی وجہ سے نہیں بلکہ شمالی افغانستان کی کئی لسانی اِکائیوں سے متعلق لوگ اپنے آپ کو اپنے علاقے کی مناسبت سے کوہستانی کہتے آئے ہیں یہی وہ علاقہ ہے جسے بعض مؤرخین نے ’’دردستان‘‘ بھی لکھا ہے اور یہاں کی بولیوں کو “دردی” زبانیں کہا گیا ہے۔ دردی زبانوں میں کوہستانی زبانیں نمایاں لسانی گروہ ہیں، یہ تمام کوہستانی برادریاں نہ صرف یہ کہ خود اپنے آپ کو کوہستانی کہتے ہیں بلکہ آس پاس کے پشتو بولنے والے بھی ان کو بلاتفریق کوہستانی کہتے ہیں۔ البتہ یہی کوہستانی برادریاں خود ایک دوسرے کو، یا ان زبانوں پر کام کرنے والے غیرملکی انہیں کوہستانی کے علاوہ ان کا اپنا مخصوص نام دیتے رہے ہیں، مثال کے طور پر توروالی گاوری بٹیری گاورو چیلاسی گواربتی اوشوجو وغیرہ تاکہ ایک کوہستانی کا کسی دوسرے کوہستانی سے فرق واضح ہو۔ اپنے آپ کو کوہستانی سے موسوم کرنے والوں کا ایک بڑانسلی اور لسانی دائرہ ہے، جو شمالی افغانستان اور پاکستان میں موجود درد زبانیں بولنے والوں پر مشتمل ہے اور جس کے اندر چھوٹے لسانی دائروں میں مذکورہ قبائل شامل ہیں. عام طور پر کوہستانیوں کے بارے میں یہ غلط فہمی پائ جاتی ہےسارے کوہستانی ایک ہی زبان بولتے ہیں۔ مثال کے طور پر پشتو بولنے والوں کا خیال ہے کہ بحرین اور کالام کے کوہستانی شاید ایک ہی زبان بولتے ہوں گے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بحرین کے کوہستانی کالام اور دیر کوہستان کے کوہستانیوں کے ساتھ بات کرنے کے لیے پشتو کا سہارا لیتے ہیں۔ اسی طرح انڈس کوہستان میں دریائے سندھ کے مغربی کنارے کے کوہستانی مشرقی کنارے کے کوہستانیوں کے ساتھ اردو میں بات کرتے ہیں۔اسی طرح عام خیال یہ ہے کہ یہ لوگ شاید کہیں اور سے آکر یہاں آباد ہوئے ہوں گے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ ان علاقوں کے قدیم ترین باشندے ہیں۔ کسی بھی تاریخ دان کے نزدیک ان سے قدیم تر کوئی قوم یہاں آباد نہیں رہی ہے۔ بلکہ بعض محققین کے خیال میں کوہستانی علاقوں سے ملحق علاقوں کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد ان کوہستانیوں کی ہے، جنہوں نے اپنی زبان ترک کرکے پشتو، ہندکو گوجری یا کسی اور زبان کو اپنایا ہواہے.پاکستانی کوہستانیوں کے طرح افغانستان کے کوہستانیوں میں بھی کئ نامور لوگ پیدا ہوئے ہیں مثال کے طور پر افغانی ایتھلیٹ خاتون تہمینہ کوہستانی اورافغانستان سے آسٹریلیا ہجرت کرنے والی صحافی ایلی کوہستانی اسی طرح نوّے کی دہائی میں افغانستان کے ایک وزیراعظم عبدا لصبور فرید کوہستانی ہوگزرے ہیں۔اب سوال یہ ہے کہ اپنی انفرادی لسانی شناخت کو ختم کئے بغیر کیسے’’وسیع ترکوہستانی شناخت‘‘ کو اجاگر کیا جائے؟ کیسے ایک ہی نسلی گروہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں میں یکجہتی پیدا کی جائے جو کئی ٹکڑوں میں بٹ گئے ہیں اور کیسے اس مشترک شناخت کو قوت میں تبدیل کیا جائے کیسے ان کوہستانیوں میں تفاق و اتحاد قائم کیا جائے.؟
عمران خان آزاد عرف گمنام کوہستانی